تیمم کی 9 حکمتیں

 تیمم کی حکمتیں

تیمم کی 9 حکمتیں ہیں:

(الف) متبادل پیش کرنے میں حکمت:

االلہ تعالی کی عادت ہے کہ بندوں پر جو کام دشوار ہوتا ہے اس میں آسانی پیدا کردیتے ہیں اور آسانی کی بہترین صورت یہ ہے کہ متبادل آسان کام دے دیا جائے لہذا وضو دشوار ہونے کی صورت میں متبادل کے طور پر تیمم کا حکم دیا گیا، اگر متبادل نہ ہوتا تو دو نقصان ہوتے: (1) بندے متردد اور پریشان ہوجاتے۔ (2) ترکِ طہارت کے عادی ہوجاتے۔

(ب) مٹی سے طہارت حاصل کرنے کی چار حکمتیں:

بظاہر مٹی سے طہارت حاصل کرنا عقل کے خلاف ہے کیونکہ مٹی خود آلودہ ہوتی ہے، اس کے باوجود تیمم کے لیے مٹی کے انتخاب میں یہ حکمتیں ہیں:
(3) اس دنیا کی ہر چیز پانی اور مٹی سے بنی ہے اور نشو و نما میں بھی اللہ نے ان دونوں کو سبب بنایا ہے اس لیے جسمانی و روحانی طہارت کے لیے بھی انھی دونوں کا انتخاب کرلیا گیا۔
(4) پانی اور مٹی درج بالا مناسبت کی وجہ سے پانی (جس سے گندگی دور کرنے کا عام رواج ہے) کی غیر موجودگی میں مٹی ہی اس کے قائم مقام بنانے کے لیے زیادہ مناسب ہے۔
(5) پانی کا استعمال دشوار ہو تو چونکہ زمین اور مٹی ہر جگہ موجود ہے لہذا مٹی ہی ہے جس سے یہ حرج دور ہوسکتا ہے۔
(6) منہ کو خاک آلود کرنے میں عاجزی ہے اور عاجزی اللہ کو پسند ہے ، یہی وجہ ہے کہ سجدے میں منہ کو مٹی سے نہ بچانا مستحب ہے۔

(ج) سر اور پاؤں کا مسح نہ ہونے کی دو حکمتیں:

(7) کیونکہ مٹی کا سر پر ڈالنا ناپسندیدہ ہے کیونکہ مصیبت میں لوگ سر پر مٹی ڈالتے ہیں اور پاؤں پر پہلے ہی مٹی لگی ہوتی ہے، جبکہ حکم اس چیز کا ہوتا ہے جو پہلے سے حاصل نہ ہو تاکہ نفس اس سے متنںہ ہوجائے۔
(8) سر پر ہمیشہ اور پاؤں پر موزوں کی صورت میں مسح ہوتا ہے، تیمم چونکہ آسانی کے لیے ہے اس لیے جن اعضا کو ہمیشہ دھویا جاتا ہے ان کے مسح کا حکم دیا گیا اور جن پر مسح کیا جاتا ہے ان کا مسح بھی ساقط کیا گیا۔

(د) وضو اور غسل کا تیمم ایک جیسا ہونے کی حکمت:

(9) سارے بدن کا مسح کرنے میں حرج ہے اور بہائم کے ساتھ مشابہت ہے، اس لیے جس طرح وضو کے تیمم میں سر اور پاؤں کا مسح ساقط ہوا اسی طرح غسل کے تیمم میں باقی سب اعضا کا مسح بھی ساقط کردیا گیا۔
("الحِكَم الجميلة" تلخيص "المصالح العقيلة للاحكام النقيلة" للشيخ محمد اشرف علی التھانوی قدس سرہ) 
طالبِ دعا:
محمد اسامہ سَرسَری

تبصرے

اہم نگارشات

ایک ہنستی...مسکراتی...مزاحیہ...تحریر

اردو لغات/ڈکشنریان

ترجمۂ قرآن کریم سیکھنے کا نہایت آسان طریقہ

محمد اسامہ سَرسَری کا تفصیلی تعارف

اردو کی 55 مستعمل بحور

اے پیاری ماں!

اردو ادبی رسالے